Sunday, September 8, 2024

عبدالباسط نے اعزاز چودھری کو بدترین سیکرٹری خارجہ اور پاکستان کےلئے خطرہ قرار دیدیا

عبدالباسط نے اعزاز چودھری کو بدترین سیکرٹری خارجہ اور پاکستان کےلئے خطرہ قرار دیدیا
August 29, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ناکام خارجہ پالیسی کا کھرا مل گیا۔ بھارت میں سابق ہائی کمشنر عبدالباسط کے امریکہ میں سفیر اعزاز چودھری کو لکھے خط نے تہلکہ مچا دیا۔ عبدالباسط نے اعزاز چودھری کو بدترین سیکرٹری خارجہ بدترین سفیراورپاکستان کےلئے خطرہ قرار دیدیا۔ یہ بھی لکھا کہ اور منہ مت کھلوائیں یہی بہتر ہوگا۔

فقط ایک خط  جس نے سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ امریکہ نے جنوبی ایشیاءسے متعلق پالیسی میں پاکستان سے ناانصافی کیوں کی؟؟پس پردہ حقائق سامنے آگئے۔

سابق سینئر سفارتکار عبدالباسط نے 5جولائی کو امریکہ میں سفیر اعزاز چوہدری کے نام لکھے تنقیدی خط میں انہی پر تابڑ توڑ حملے کرڈالے۔ عبدالباسط نے اعزاز چوہدری کو لکھا کہ وہ بدترین خارجہ سیکرٹری رہے۔ وہ سفارتکاری کے حساس پیشے کےلئے بنے ہی نہیں۔ ان کے خارجہ سیکرٹری ہوتے ہوئے اوفا کا مشترکہ اعلامیہ بڑی شکست ہے۔ پاکستان کی انسانی حقوق کونسل میں شرمناک ہار بھی انہی کی نالائقی کا عکاس ہے۔

عبدالباسط نے قلم اسی پر نہیں روکی۔ انہوں نے اعزاز چوہدری کے واشنگٹن میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی پر بھی اعتراض اٹھایا۔ عبدالباسط نے اعزاز چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ امریکہ میں پاکستان کے بدترین سفیر ثابت ہونگے۔ انہیں فوری طور پر اس عہدے سے ہٹانا پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اگر ایسا ممکن نہیں تو پھر انہیں 28 فروری2018ء کے بعد مزید توسیع نہیں ملنی چاہئے۔

عبدالباسط نے اعزاز چوہدری کو کمزور اور مشوک کردار کا حامل قرار دیتے ہوئے اپنے خط میںیہ بھی لکھا کہ ان کا دل ایک جگہ نہیں رہتا۔ بس اور کیا کہا جائے ۔۔کم بولنا ہی بہتر ہے۔۔سابق سینئر سفارتکار نے خط کے آخر میں یہ لکھ کر تحریر کا اختتام کیا کہ اللہ پاکستان کا مددگار ہو۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط کی طرف سے امریکہ میں سفیر اعزاز چوہدری کو لکھے گئے خط کی نقل سیکرٹری خارجہ کے دفتر کو بھی بھیجی گئی ہے۔