Saturday, April 27, 2024

انتخابات2018 کی پولنگ 25یا 26جولائی کو کی جائے ، الیکشن کمیشن کی تجویز

انتخابات2018  کی پولنگ  25یا 26جولائی کو کی جائے ، الیکشن کمیشن کی تجویز
May 8, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آئندہ انتخابات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں  پولنگ 25 یا 26 جولائی کو کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا  اور بریفنگ دی گئی کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی  کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ ایک بھی ریٹرننگ افسر کو سکیورٹی رسک کا سامنا ہونے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نےانتخابی عمل سبوتاز ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 25یا 26  جولائی کو پولنگ کی تجویز دینے کے بعد  الیکشن ملتوی ہونے کے تمام دعوے، تجزیئے اور تبصرے دم توڑ گئے ۔  الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018  کے حوالے سے صدر ممنون حسین کو سمری بھجوانے پر کام شروع کر دیا۔ منظوری کے بعدکمیشن شیڈول جاری کرے گا،کاغذات نامزدگی سے فہرستیں آویزاں کرنے کیلئے چار ہفتے مقرر کئے جائیں گے جب کہ جانچ پڑتال سات کے بجائے آٹھ روز میں کی جائے گی۔ سمری منظور ہونے کے بعد  الیکشن کمیشن مئی کے آخری  یا جون  کے پہلے ہفتے میں الیکشن   کا شیڈول جاری کرے گا ، عام انتخابات  کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنرسردارمحمد رضا کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں تمام اعلیٰ عہدے داران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر  ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ملک بھرمیں عام انتخابات کیلئے86 ہزار436 پولنگ سٹیشنزقائم ہیں جن میں  20 ہزار498 پولنگ سٹیشن حساس ہیں۔