Friday, March 29, 2024

عام انتخابات کی تیاریاں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت پلاننگ کمیٹی کا اجلاس

عام انتخابات کی تیاریاں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت پلاننگ کمیٹی کا اجلاس
November 17, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت پلاننگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ضلعی سطح پر ووٹر لسٹوں کی  کمپیوٹرائزڈ اندراج کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بلوچستان میں یہ کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

دسمبر میں ملک کے تمام اضلاع اور فاٹا میں کمیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی ڈیٹا فیڈنگ کا نظام مکمل ہو جائے گا، جس سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفاتر میں نئے ووٹرز کا اندراج آسانی سے ہوگا۔ اس سے قبل یہ عمل نادرا کے ضلعی دفاتر میں ہوتا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 لاکھ پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ وار پروگرام نومبر کے آخر میں شروع ہو گا، جو مئی 2018 تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں حلقہ بندیوں پر اہم اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔  

خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے خصوصی مہم 79 اضلاع میں شروع کی جائے گی۔ انتخابات سے پہلے تمام خواتین کا ووٹر لسٹوں میں اندراج یقینی بنایا جائے گا، مرد اور خواتین ووٹر لسٹوں میں فرق کو ختم کیا جائے گا، جہاں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد کم ہے وہاں نادرا موبائل وین بھیجی جائیں گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹر دن شایان شان منایا جائے گا۔