Friday, April 26, 2024

عام انتخابات میں عمران خان کے ساتھی اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے تھے:سعدرفیق

عام انتخابات میں عمران خان کے ساتھی اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے تھے:سعدرفیق
March 30, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد عمران خان کے مزاج میں ٹھہراؤ پیدا ہونا چاہئے تھا۔ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں عمران خان اوران کے ساتھی اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے تھے۔ الیکشن ٹریبونل میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان جان بوجھ کر کیچڑ اچھال رہے ہیں اور یہ ان کا وطیرہ ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کونسا کشمیر فتح کیا تھا کہ الیکشن میں قومی اسمبلی کی چونتیس نشستیں حاصل کیں اور ایک صوبے میں حکومت قائم کر لی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں بے جان سی جرح کی گئی ہے جس میں اونچی آواز میں جھوٹ بولنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ وہ سچ لگنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی نے سب سے زیادہ ان کے ساتھ زیادتی کی اور نیچے سے لے کر اوپر تک بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا لیکن گینگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کشمیر میں عمران خان نے اپنی جماعت کا آغاز ایک مہا لوٹے کو ٹکٹ دے کر کیا جو مختلف جماعتوں سے گھوم کر تحریک انصاف میں آیا ہے۔