Thursday, April 25, 2024

عام انتخابات میں شکست خوردہ رہنما ضمنی انتخابات کے ذریعے رکن اسمبلی بننے کو بے تاب

عام انتخابات میں شکست خوردہ رہنما ضمنی انتخابات کے ذریعے رکن اسمبلی بننے کو بے تاب
August 31, 2018
لاہور (92 نیوز) عام انتخابات میں الٹنے والے بڑے برج ضمنی انتخابات کے ذریعے رکن اسمبلی بننے کے لئے بے تاب ہیں۔ ضمنی معرکے کے لئے لاہور میں میدان لگا تو عام انتخابات میں شکست خوردہ رہنماؤں نے دوبارہ کمر کس لی۔ این اے ایک سو چوبیس سے سترہ اور این اے ایک سو اکتیس سے اکتالیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ راولپنڈی اور مری سے شکست کا سامنا کرنے والے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے این اے ایک سو چوبیس سےکاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ سابق وزیر مملکت عابد شیر علی بھی فیصل آباد سے ناکامی کے بعد لاہور کے حلقہ این اے ایک سو چوبیس سےدوبارہ قسمت آزمانے کے لئے پہنچے۔ تحریک انصاف کی جانب سے بھی اس حلقے سے تین امیدوار غلام محی الدین دیوان ،نعمان قیصر اور محمد خان مدنی بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ این اے ایک سو اکتیس سے لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق اور میاں مرغوب احمد ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ہمایوں اختر، فرحت عباس، ولید اقبال اور ابرار الحق سیاسی حریف کو چاروں شانے چت کرنے کی حسرت سے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔ ایک ہی جماعت کے متعدد امیدواروں نے ایک ہی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع تو کروا دئیے لیکن  قرعہ کس کے نام نکلے گا اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔