Saturday, May 18, 2024

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ، وزیراعظم اور تمام وزرائے اعلیٰ متفق

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ، وزیراعظم اور تمام وزرائے اعلیٰ متفق
November 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم اور تمام وزرائے اعلیٰ نے عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مسترد کردیا گیا ہے۔ چاروں وزرائے اعلی نے آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے پر اتفاق کیا ہے۔
چیف کمشنر شماریات نے مردم شماری کے نتائج پر بریفنگ میں بتایا کہ بر وقت انتخابات کے لیے آئینی ترمیم نا گزیر ہے۔ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات آئینی بحران پیدا کر سکتے ہیں۔
دوسری طرف وزیر اعلی سندھ نے مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے سندھ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تو وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کڑوی گولی کھا کر آئین میں ترمیم پر تیار ہیں۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بعد ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ کونسل نے مردم شماری کے ابتدائی نتائج پر حلقہ بندیاں کرنے کی اجازت دے دی۔ مردم شماری کے تمام بلاکس کو گنتی کا موازنہ کیا جائے گا۔
مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر ایل او سی پر تعینات فوجیوں کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ایک اعشاریہ 8 ارب روپے سے ایل او سی پر سویلین کیلیے بنکر بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ایل او سی کے شہداء کیلئے دس لاکھ روپے فی کس امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔