Tuesday, April 16, 2024

ن لیگ کی لیڈرشپ امیر ہو گئی ، ملک کنگال ہو گیا، عمران خان

ن لیگ کی لیڈرشپ امیر ہو گئی ، ملک کنگال ہو گیا، عمران خان
June 25, 2018
میانوالی ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018 کیلئے میانوالی سے باضابطہ طور پر انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ۔چیئرمین تحریک انصاف نے عوامی جلسے سے خطاب میں کہا کہ ن لیگ کی لیڈرشپ امیر ہوگئی جبکہ  ملک کنگال کردیا، شہباز شریف بجلی بنا کر کیا شاپنگ بیگ میں ساتھ لے گئے ، شریف برادران نے تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لیا ۔ کپتان نے ہوم ٹاؤن سے انتخابی اننگز کا آغاز کر دیا،عمران خان نے میانوالی میں بھرپور جلسہ کرکے انتخابی مہم شروع کی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ  میانوالی نے ان کا ساتھ تب دیا جب پاکستان میں ان کا کوئی ساتھ نہیں دے رہا تھا،ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سےبہت دباؤ تھا ،رشتے دار بھی ٹکٹ مانگ رہے تھے لیکن میرٹ پر ٹکٹ دیئے ، جبکہ ن لیگ نے شریف خاندان کو،پیپلزپارٹی نے زرداری خاندان کو ٹکٹ دیئے۔ کپتان نے انتخابی مہم کے پہلے جلسے میں  اپنا پلان بھی  عوام کےسامنے رکھ دیا اور کہا  عوام کی خدمت کا منشور لارہے ہیں ،کسی نے پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے  ایسا منشور نہیں دیا ہوگا۔ کپتان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آکر اداروں کو مضبوط کریں گے ،سادگی اختیار کریں گے ،کسی سے بھک نہیں مانگنا پڑے گی ۔ کپتان نے دعویٰ کیا کہ وہ اسی پاکستان سے آٹھ ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرکے دکھا ئیں گے ۔ عمران خان نے نوازشریف کو بھی  آڑے ہاتھوں لیا اور بولے ن لیگ کی تجربہ کار ٹیم کو چوری ،کرپشن ،منی لانڈرنگ کا تجربہ تھا،نواز شریف نے اداروں کو تباہ،ملک کو کنگال کردیا ،نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو 300ارب کا حساب دینا ہے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن وہ اللہ کےشکر گزار ہیں انہوں نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے۔