Sunday, May 19, 2024

ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ ، بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالا کی دفترخارجہ طلبی

ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ ، بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالا کی دفترخارجہ طلبی
September 22, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے 6 شہریوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روز چروا، ہرپال اور چھپر سیکٹرز میں اشتعال انگیزی کی۔ بھارتی دہشتگردی کے نتیجے میں 26 شہری زخمی بھی ہوگئے ۔

پاکستان نے چھ شہریوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے ۔ اسلام آباد میں متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالا کو دفترخارجہ طلب کیا گیا۔ قائم جہاں مقام سیکریٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے سپرد کیا۔

 دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے باور کرایا کہ بھارت صبر کا امتحان لے رہا، دفاع اور منہ توڑ جواب کا پورا حق رکھتے ہیں۔ بھارت مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ پاکستان نے کہا کہ بھارت فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے تمام واقعات کی تحقیقات کرے اور کنٹرول لائن ،ورکنگ باؤنڈری پر قیام امن یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ بھارتی حکومت پر 2003 کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کیلئے بھی زوردیا گیا۔

 دفترخارجہ کے مطابق رواں سال بھارت نے 870 سے زائد بار کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں ابتک 38 شہری شہید 142 زخمی ہو چکے ہیں۔

 اس بارے میں دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانہ قابل مذمت ہے۔