Sunday, September 8, 2024

عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری، خام تیل کی قیمت تیرہ سال کی کم ترین سطح پر

عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری، خام تیل کی قیمت تیرہ سال کی کم ترین سطح پر
January 13, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا میں خام تیل کی قیمت تیرہ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تیس ڈالر سے بھی کم ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی ہے جس کے بعد  عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تیس ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہو گئی ہے جو تیرہ سال کی کم ترین سطح ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز  سے اب تک امریکا میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں رواں ہفتے کے دوران دو ڈالر سے زائد کی کمی ہو چکی ہے۔ نئے سال کے آغاز سے اب تک خام تیل کی قیمتوں میں بیس فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب برٹش آئل کمپنی نے  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی سے تنگ آ کر چار ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بڑے مالیاتی اداروں نے رواں سال خام تیل کی قیمتوں کی پیشگوئی پر بھی نظرثانی کی ہے۔ بارکلیز بینک نے دو ہزار سولہ میں خام تیل کی قیمتیں چھپن سے ساٹھ ڈالر فی بیرل رہنے کی پیشگوئی کی تھی اور اب اسے کم کر کے سینتیس ڈالر فی بیرل رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔