Friday, March 29, 2024

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر آنے کے باوجود حکومت نے عوام کو کم ریلیف دیکر ٹرخایا

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر آنے کے باوجود حکومت نے عوام کو کم ریلیف دیکر ٹرخایا
August 1, 2015
لاہور (92نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں دوہزار آٹھ سے بھی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جس کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مزید ایک اعشاریہ چار ڈالر فی بیرل کمی ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں عوام ریلیف کےلئے منہ تکتے رہ گئے اور حکومت نے عوام کو پٹرول ایک روپیہ تین پیسے اور ڈیزل دو روپے اسی پیسے سستا کرکے ٹرخادیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گزشتہ ماہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود قیمت برقرار رکھی تھی جس سے حکومت کو 2ارب 50 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جسے اب پورا کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ کے اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 3 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی حالانکہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت پر 2 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی تھی۔ حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف 2 روپے 6 پیسے فی لیٹر کا ریلیف دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 48 پیسے فی لیٹر کی سفارش کی گئی تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی بجائے 4 روپے 83 پیسے فی لیٹر کا ریلیف دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 6 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کی تجویز دی گئی تھی لیکن حکومت نے صرف 4 روپے 92 پیسے فی لیٹر کا ریلیف دیا۔ البتہ حاتم طائی کی قبر کو لات مارتے ہوے ایچ او بی سی کی قیمت میں دی گئی تجویز سے 2 پیسے فی لیٹر زیادہ ریلیف دیا۔ اوگرا نے ایچ او بی سی کی قیمت میں 1 روپیہ فی لیٹر کمی کی سفارش کی تھی، وزیر خزانہ نے ایچ او بھی سی کی قیمت میں 1 روپے 2 پیسے کمی کا اعلان کیا۔ کل سے پیٹرول 77 روپے 76 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو گا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 87 روپے 11 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 64 روپے 94 فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اگست کے مہینے میں لائٹ ڈیزل کی قیمت 61 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہو گی جبکہ ایچ او بی سی کی نئی قیمت 83 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔