Friday, March 29, 2024

عالمی عدالت نے دہشتگرد کلبھوشن کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کر دی

عالمی عدالت نے دہشتگرد کلبھوشن کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کر دی
July 17, 2019

دی ہیگ (92 نیوز) عالمی عدالت انصاف میں بھارت ہار گیا۔ عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی سزائے موت ختم کرنے اور رہائی کی درخواست مسترد کردی تاہم کلبھوشن جادھو کا قونصلر رسائی کا حق تسلیم کیا ہے۔

 کلبھوشن جادھو کو سزائے موت پر عمل اس وقت تک معطل رہے گی جب تک پاکستان سزا پر موثر نظر ثانی نہیں کرتا ۔ فیصلہ عدالت کے جج عبدالقوی احمد یوسف نے پڑھ کر سنایا۔

 یہی نہیں بلکہ عالمی عدالت انصاف کے جج عبدالقوی احمد یوسف کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں بھارت کے بیشتر دلائل مسترد کر دیئے گئے ہیں۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن کو سنائی جانے والی سزا کو ویانا کنونشن کے آرٹیکل 36 کی خلاف ورزی تصور نہیں کیا جا سکتا۔

 جج کا کہنا تھا اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کلبھوشن بھارتی شہری ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت ویانا کنونشن کے فریق ہیں اور ویانا کنونشن جاسوسی کرنے والے قیدیوں کو قونصلر رسائی سے محروم نہیں کرتا۔ پاکستان کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے تاہم وہ پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا۔

 پاکستانی وفد کی قیادت اٹارنی جنرل انور منصور نے کی جبکہ ڈائریکٹرجنرل سارک اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل بھی پاکستانی وفد کے ساتھ موجود تھے۔