Saturday, April 20, 2024

عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا
February 21, 2019
 دی ہیگ (92 نیوز) عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی سماعت مکمل ہو گئی۔ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کے آخری روز میں پاکستان کے وکیل بیرسٹر خاور قریشی نے بھارت کے جوابی دلائل پر جواب الجواب دئیے اور بھارتی موقف کی دھجیاں بکھیر دیں۔ بیرسٹر خاور قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی وکیل نے غیر متعلقہ باتوں سے توجہ ہٹانے اور گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ پہلے کہا گیا کہ قونصل رسائی کیلئے پاکستان سے اٹھارہ مرتبہ رابطے کیے گئے اور پھر یہ تعداد چالیس بتائی گئی ۔ بھارت کہتا ہے کہ یہ کیس صرف قونصل رسائی کا ہے لیکن یہ جواب نہیں دیا کہ ایک جاسوس کو ایسے رسائی دی جاسکتی ہے ۔ خاور قریشی نے مزید کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں کی سزائیں ختم کرنے سے متعلق فیصلے پر بھارتی دعویٰ غلط ہے۔ گزشتہ سماعت میں واضح کر چکے ہیں کہ حکومت پاکستان نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔ پاکستانی وکیل کا کہنا تھا کہ بھارت نے کلبھوشن یادیو کے پاسپورٹ پر بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ پاسپورٹ کے بارے میں برطانوی ماہرین کی رپورٹ پر بھارتی اعتراضات بے بنیاد ہیں۔ بیرسٹر خاور قریشی نے بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول پر طنز کے خوب نشتر چلائے۔ بولے اجیت دوول نے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کا اعتراف کیا ہے ۔   بھارتی مشیر خود کو سُپر جاسوس سمجھتے ہیں اور وہ جب کبھی اداکاری کرنا چاہیں تو لندن ضرور جائیں وہاں پر جیمز بانڈ کی آسامی ان کیلئے خالی ہے ۔ خاور قریشی نے اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کلبھوشن کو ریلیف دینے کی بھارتی استدعا مسترد کرے ۔ عالمی عدالت انصاف نے کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سماعت سے قبل پاکستان کے ایڈ ہاک جج تصدق حسین جیلانی  نے عہدے کا حلف اٹھایا۔ تصدق حسین جیلانی بیماری کے باعث گزشتہ سماعتوں کا حصہ نہیں بن سکے تھے ۔