Wednesday, April 24, 2024

عالمی طاقتوں کی وزیراعظم کیخلاف سازشیں،22روزمیں 3تھریٹ ایڈوائزریز جاری

عالمی طاقتوں کی وزیراعظم کیخلاف سازشیں،22روزمیں 3تھریٹ ایڈوائزریز جاری
September 8, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) بین الاقوامی طاقتیں وزیراعظم عمران خان  کےخلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، 22روزمیں 3 تھریٹ ایڈوائزریزجاری کر دی گئیں ۔  انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق بعض مغربی ممالک سمجھتے ہیں  نئی حکومت خارجہ امور پر جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہوگی ،  سکیورٹی اداروں نے وزیرِ اعظم کو زمینی سفر کم سے کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے 22 روز کے اندر ہی بین الاقوامی قوتیں عمران خان کے خلاف سرگرم ہو گئیں ، ذرائع کے مطابق افغانستان سے چلائے جانے والے پاکستان دشمن نیٹ ورکس کی انٹیلی جنس سے معلوم ہواہے کچھ انٹرنیشنل پلیئرز وزیر اعظم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان رپورٹس کی روشنی میں تین مخصوص تھریٹ ایڈوائزریز میں وزیراعظم کو ہائی سکیورٹی اقدامات کا مشورہ دیا گیا جبکہ وزیر اعظم اپنی اعلان کردہ کفایت شعاری مہم کے تحت زیادہ سکیورٹی اخراجات سے گریزاں ہیں  ، اس لیے ان کو زمینی سفر کی بجائے ہیلی کاپٹر پر سفر کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ انٹرنیشنل پلیئرز نئے وزیر اعظم پاکستان کوخطے میں اپنے مفادات کے لئے خطرہ سمجھتے ہیں ، بین الاقوامی قوتیں خارجہ امور سے متعلق پاکستان کےجارحانہ اقدامات اور خطے میں پاکستان سے چین اور روس کے بڑھتے ہوئے تعاون سے بھی خوفزدہ ہیں۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ ٹاپ انٹیلی جنس ادارے وزیر اعظم کی سکیورٹی سے متعلق بڑے کائونٹر انٹیلی جنس آپریشنز پر کام کر رہے ہیں۔