Wednesday, April 24, 2024

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ دارفانی سے کوچ کر گئے

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ دارفانی سے کوچ کر گئے
November 21, 2016

راولپنڈی (92نیوز) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ ان کی میت کل سکردو لائی جائے گی۔ حسن سدپارہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ تفصیلات کے مطابق طویل عرصے تک دنیا بھر کی بلند چوٹیوں اور پہاڑوں پر پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے معروف کوہ پیما حسن سدپارہ کینسر کے عارضے کے سبب 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

حسن سدپارہ ماونٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی چودہ میں سے آٹھ بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی تھے اور کافی عرصے سے کینسر سمیت متعدد عارضوں میں مبتلا تھے۔ وہ راولپنڈی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ دوران علاج آج صبح حسن سدپارہ کی حالت بگڑ گئی اور دوپہر میں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

حسن سدپارہ نے کوہ پیمائی کا آغاز 1994ءمیں کیا اور اسی سال پاکستان کی بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 1999ءمیں قاتل پہاڑ کے نام سے مشہور نانگا پربت‘ 2006ءمیں گیشا برم ون اور گیشا برم ٹو‘ 2007ءمیں براڈ پیک اور 2011ءمیں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایوریسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

وہ پاکستان میں آٹھ ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیوں اور ماونٹ ایوریسٹ سمیت چھ چوٹیاں سر کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔ کوہ پیمائی کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی پر حکومت پاکستان نے حسن سدپارہ کو 2008ءمیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔