Friday, April 26, 2024

عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کا آج 79 واں یوم پیدائش

عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کا آج 79 واں یوم پیدائش
January 17, 2021

لاہور (92 نیوز) عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کا 79 واں یوم پیدائش، لیجنڈ باکسر آج بھی اپنے مداحوں کی یادوں میں زندہ ہیں، ،کنگ آف رنگ نے 61فائٹس میں حصہ لیا، 56میں کامیابی حاصل کی، صرف پانچ میں شکست کا سامنا ہوا

باکسنگ کی دنیا کا بے تاج بادشاہ، جس کا نام سنتے ہی بڑے بڑے حریف خوفزدہ ہو جاتے، بیسیوں صدی کے عظیم باکسر محمد علی کی آج 79ویں سالگرہ ہے۔

محمد علی نے 17 جنوری 1942ء کو امریکی شہر لوئسویل کے ایک مسیحی گھرانے میں آنکھ کھولی اور ان کا نام کاسیئس کلے رکھا گیا، انہوں نے ستر کی دہائی میں اسلام قبول کیا۔

محمد علی نے 29 اکتوبر1960ء کو آبائی قصبے لوئسویل میں پہلا مقابلہ جیتا اور 1960ء میں روم اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا۔

محمد علی نے 1964ء میں دنیائے باکسنگ کے خطرناک کھلاڑی سونی لسٹن کو شکست دے کر بے پناہ شہرت حاصل کی۔ 1974ء میں جارج فورمین کو ہرا کر 32 سال کی عمر میں باکسنگ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

محمد علی کےجو فریزئیر سے مقابلے کو باکسنگ کی تاریخ کے عظیم ترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فائٹ آف دی سنچری "Fight of the Century" میں محمد علی نے حریف کو شکست سے دوچار کیا۔

محمد علی نے کیر ئیر میں 61 فائٹس لڑیں، 56 میں فتح کا جھنڈا گاڑا جبکہ صرف 5 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، لیجنڈ باکسر نے 37 بار حریف باکسرز کو ناک آؤٹ کیا۔ لیجنڈ باکسر محمد علی کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے کنگ آف باکسنگ کا خطاب بھی دیا گیا۔

3 جون 2016ء کو یہ عظیم باکسر 74 برس کی عمر میں انتقال کر گیا، لیکن مداحوں کے دل میں آج بھی زندہ ہے۔