Friday, April 19, 2024

عالمی رہنماؤں کی طرف سے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد کے پیغامات

عالمی رہنماؤں کی طرف سے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد کے پیغامات
May 24, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) عالمی رہنماؤں کی طرف سے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ،کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور سکاٹش سربراہ نکولا سٹرجن نے اسلام علیکم اور عید مبارک بول کر مسلم امّہ کے دل جیت لیے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید کا اظہار کیا کہ مسلمان اپنی دعاؤں سے مزید مضبوط ہوں گے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے بھی عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حسب روایت اس بار بھی عید کا ویڈیو پیغام جاری کیا، جس کا آغاز انھوں نے اسلام علیکم سے کرتے ہوئے کورونا کے دوران کینیڈین مسلمانوں کی مدد کے جذبے کو سراہا۔

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی، انھوں نے موجودہ حالات میں لوگوں کو گھروں میں عید منانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اس وبا سے نمٹنے اور محفوظ رہنے کےلیے اصول متعین کیے گئے ہیں جن پر سب کو سختی سے عمل کرنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کی جانب سے عیدالفطر کا تہینتی پیغام جاری کیا گیا ، جس میں ان کا کہنا تھا کہ مسلمان عید کا جشن منارہے ہیں، وہ امید کرتے ہیں کہ مسلمان اپنی دعاؤں سے مزید مضبوط ہوں گے۔

اسکاٹش حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے بھی کینیڈین وزیراعظم کی طرح اپنے پیغام کا آغاز اسلام علیکم سے کیا ، انھوں نے سکاٹ لینڈا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے کیپٹن مارک کیلی نے اپنے پیغام میں کہا اس سال ہم بہت سے چیزوں کو مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ وہ رمضان المبارک کے اختتام پر سب کو محفوظ اور خوشیوں بھری عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔