Sunday, September 8, 2024

عالمی خفیہ ایجنسیاں قائد ایم کیو ایم کی مدد کرتی ہیں : اقبالی بیان

عالمی خفیہ ایجنسیاں قائد ایم کیو ایم کی مدد کرتی ہیں : اقبالی بیان
January 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم نے میڈیا کے سامنے اقبالی بیان دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین‘ محمد انور اور ان کے حواریوں کو ایم آئی سکس‘ را اور سی آئی اے کی مدد حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس کی گتھیاں اب سلجھنے کو ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز نے سب سے پہلے اندر کی کہانی بیان کی اور اب خالد شمیم کا میڈیا کے سامنے اقبالی بیان بھی سامنے لے آیا۔ خالد شمیم کے مطابق الطاف حسین ، محمد انور اور اسکے حواریوں کو ایم آئی سکس ، را اور سی آئی اے کی مدد حاصل ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق واٹر بورڈ کا افسر خالد شمیم ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا سہولت کار اور منصوبہ ساز ہے۔ کراچی سے گرفتار ہونے والے معظم علی خان نے بھی ان دونوں ملزموں سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے۔ معظم نے بتایا کہ خالد شمیم نے ہی اسے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی اطلاع سب سے پہلے دی تھی۔ خالد شمیم‘ معظم علی خان کی کمپنی میں نوکری بھی کرتا رہا اور معظم کی نگرانی بھی۔ خالد شمیم ہی وہ کردار تھا جس نے عمران فاروق کے قاتلوں محسن اور کاشف کو لندن اور پھر سری لنکا میں سہولیات فراہم کروائیں۔ خالد شمیم گزشتہ چار سال سے لاپتہ تھا۔ خالد شمیم کے خلاف کراچی میں ایک شہری کو قتل کرنے کا مقدمہ ماڈل کالونی تھانے میں درج ہے۔ محسن علی سید ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے والا ملزم ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے بعد محسن نے خالد شمیم سے ہی ہدایات لیں اور اسی کے کہنے پر سری لنکا میں قیام کیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ماننا ہے کہ محسن علی سید اور خالد شمیم کی گرفتاریوں کے بعد ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس جلد منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔