Friday, March 29, 2024

عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 53 کروڑ ڈالر دینگے

عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 53  کروڑ ڈالر دینگے
March 18, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس سے نمٹنے کيلئے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک  کی پاکستان کو مالی تعاون کی پیشکش کردی ، دونوں اداروں سے پاکستان کو 53 کروڑ ڈالر سے زائد ملیں گے ،آئی ایم ایف سے بھی رقم ملنے کی امید ہے ۔

کورونا وائرس کیخلاف اقدامات کیلئے  عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی امداد کیلئے متحرک ہو گئے ، ایشیائی ترقیاتی بینک 35 کروڑ ڈالر اور ورلڈ بینک 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کیلئے تیار ہیں ، پاکستان اور دونوں عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان معاہدے جلد متوقع ہے ۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے 5 کروڑ ڈالر فوری جاری ہونے کا امکان  ہے ، گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کی مد میں ملنے والی یہ رقم این ڈی ایم اے کے ذریعے کورونا سے نمٹنے پرخرچ ہو گی۔

خطرناک وائرس کے باعث حکومت آئی ایم ایف سے رعایت حاصل کرنے میں پہلے ہی کامیاب ہو چکی ، مشیر خزانہ کے مطابق کورونا کی روک تھام پر اٹھنے والے اخراجات مالی خسارے میں شامل نہیں ہوں گے۔

آئی ایم ایف کورونا وائرس سے متاثرہ رکن ممالک  کیلئے پہلے ہی پچاس ارب ڈالر کا ہنگامی فنڈ قائم کر چکا ہے ، پاکستان کو بھی رقم ملنے کی امید ہے ۔