Thursday, March 28, 2024

عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو تسلیم کرنا چاہئے، انتونیو گتریس

عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو تسلیم کرنا چاہئے، انتونیو گتریس
February 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے کہا عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو تسلیم کرنا چاہئے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتریس کی صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے 40 برسوں میں پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی میزبانی سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول میں پاکستان کی کوششوں سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی صورتحال سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے دنیا بھر میں مہاجرین کے لئے متحرک قیادت اور پرجوش وکالت پر سیکرٹری جنرل کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا پاکستان نے افغان مہاجرین کے معاشی اور سیاسی تحفظ فراہم کرنے میں بے پناہ خدمات سرانجام دیں۔ صدر مملکت نے پانچ اگست کی ہندوستان کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں ، انسانی حقوق اور انسانیت کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں ہندوستان کے متشدد بیانات اور جارحانہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کےلئے خطرہ ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق صدر نے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی  قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری کی نشاندہی کی۔ صدر مملکت نے کہا اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا۔ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لئے پاکستان بھر پور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے نظریات اور مقاصد کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی کوششیں کو جاری رکھے گا۔ اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا پاکستان نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی میں جو فیاضی کا مظاہرہ کیا وہ یکجہتی کی قابل ذکر کہانی ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے میں پاکستانی کوششوں کی تعریف کی اور کہا   عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو تسلیم کرنا چاہئے۔