Wednesday, April 24, 2024

عالمی برادری کو انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے ، ملیحہ لودھی

عالمی برادری کو انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے ، ملیحہ لودھی
August 9, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے بھارتی منصوبے پر پاکستان سفارتی محاذ پر سرگرم ہو گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی برادری کو انصاف اور قانون کی بالادستی کےلیے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی چینل کو انٹرویو میں پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو کھل کر بیان کر دیا۔ کہتی ہے ایک کشمیری بھی بھارتی اقدام کو قبول نہیں کرے گا۔ امریکی میزبان کے سوال پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور نہ اس کی ایسی کوئی خواہش ہے۔ کشیدگی میں اضافہ بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز اقدام کی وجہ سے ہوا ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری اب انصاف اور قانون کے لیے اٹھ کھڑی ہو۔ پاکستانی سفیر نے افغان مزاکرات میں پاکستان کے اہم کردار پر بھارتی آہ و بکا پر سوال اٹھا دیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام افغان مزاکرات کو سبوتاژ کرنے کو کوشش ہے کیونکہ افغانستان میں امن کی واپسی بھارت کے مفاد میں نہیں ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ میں سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔  ملیحہ لودھی  نے اقوام متحدہ کی شعبہ قیام امن اور سیاسی امورکی سربراہ سے ملاقات کی اور کشمیر کی صورتحال پر انہیں آگاہ کیا۔ ملیحہ لودھی نے  کویت ، انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ کے سفیروں سے ملاقات بھی کی۔