Friday, April 19, 2024

عالمی برادری کا پاکستان اور بھارت کو تحمل کا مشورہ

عالمی برادری کا پاکستان اور بھارت کو تحمل کا مشورہ
February 27, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)بھارت کی شرانگیزیوں پر پاکستان نے آواز اٹھا دی، عالمی برادری نے دونوں ایٹمی قوتوں کو تحمل سےکام لینے کا مشورہ دے دیا۔ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھارت کے گلے  پڑنے لگا،پاکستان نے خطے میں امن کی کوششوں کو متاثر کرنے والے بھارتی عزائم سے عالمی برادری کو آگاہ کردیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو ٹیلی فون پر خطے  کی صورت حال سے آگاہ کیا وزیرخارجہ نے بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہندوستان سیاسی مقاصد  اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کررہاہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات سے افغانستان میں امن کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں،ان کاکہناتھا کہ بھارت کاجارحانہ اقدام قابل مذمت ہے،توقع ہے،امریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ پر یورپی یونین نےدونوں ممالک کے تعلقات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لینے کا عندیہ دے دیا، فریقین کو تحمل سے کام لینے اور تناؤ میں اضافہ نہ کرنے کی اپیل  بھی کردی۔ بھارتی در اندازی پر چین کا بھی سخت تشویش کااظہار کر رہا ہے، ترجمان دفترخارجہ  نے خطے میں قیام امن کےلیے پاکستان اور بھارت کو تحمل کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کے ہولناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  جنگ سے  صرف فریقین ہی نہیں بلکہ پورا خطہ متاثر  ہوگا،دنیا کسی اور جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔