Sunday, September 8, 2024

عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، چینی وزیرخارجہ

عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، چینی وزیرخارجہ
September 8, 2017

بیجنگ (92 نیوز) چین کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف، پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان۔ کہا دنیا بھی اعتراف کرے پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔ دنیا اس پر الزام تراشی کی بجائے اسکے ساتھ مل کر کام کرے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

پاکستان کی عالمی امن کیلئے کاوشیں بے مثال ہیں۔ چین کا ایک بار پھر قربانیوں کا اعتراف۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں وزرائے خارجہ کا تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط ترین ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کی قربت کیلئے کوشاں ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان نے اس جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں عالمی برادری کو اس کا اعتراف کرنا چاہیے۔ الزام تراشی کی بجائے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دنیا مل کر کام کرے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی خود مختاری کا احترام اور حمایت کرتا ہے، چین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جنگ میں بھی اس کا بھرپور حمایتی ہے اور یقین دلاتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون جاری رہے گا۔ افغان مسئلے پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان افغانستان میں امن عمل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین، افغانستان کے سیاسی حل پر متفق ہیں۔ امن کے لیے افغانستان سے بات چیت جاری رکھیں گے۔ افغانستان اور پاکستان ہمسائے ہیں، پاک افغان تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے چین کا کردار بہت اہم ہے۔

پریس کانفرنس میں دونوں وزرائے خارجہ نے سی پیک کو ایک عظیم اور خطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ قرار دیا۔