Friday, April 19, 2024

وزیراعظم عمران خان نے ملکی بدحالی کا ذمہ دار بھٹو اور شریف فیملی کو قرار دیدیا

وزیراعظم عمران خان نے ملکی بدحالی کا ذمہ دار بھٹو اور شریف فیملی کو قرار دیدیا
December 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک کی بدحالی کا ذمہ دار بھٹو اور شریف فیملی کو قرار دے دیا۔ 

غیرملکی ٹی وی کو انٹریو میں انہوں نے کہا، دونوں خاندانوں نے وسائل کا ناجائز استعمال کیا، یہ سیاست نہیں خاندانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کوئی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر مہذب نہیں بن سکتا۔ کسی ساتھی یا وزیر پر کرپشن کا الزام لگا تو خود تحقیقات کرائیں۔ ملک میں خود کار نظام لا کر کرپشن کا خاتمہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا 90  دن میں کرپشن کی ختم کرنے کی بات اس تناظر میں کی تھی کہ کابینہ میں موجود کرپشن ختم کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 20 سال برطانیہ میں رہے ہیں اور آزادی اظہار کا مفہوم اچھے سے جانتے ہیں۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا ان کے دور میں میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، ساتھ ہی کہا کہ ان کے دور کا کوئی ایک بھی واقعہ بتا دیں جس میں میڈیا پر قدغن لگائی گئی ہو۔

معاشی صورتحال پر سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ معیشت کا انحصار قرضوں پر ہو۔

کورونا سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بروقت لیکن مشکل فیصلے کئے جو بہترین ثابت ہوئے۔

اپنے انٹرویو میں وزیراعظم نے بتایا کہ نائن الیون واقعہ میں کوئی افغان ملوث نہیں تھا، بعض عناصر افغان امن عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں مشکل صورتحال ہے،عالمی برادری نے مدد نہ کی تو شدت پسند تنظیمیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔

کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بی جے پی کی فسطائی حکومت بھارت اور خطے کیلئے خطرناک ہے، خدشہ ہے بی جے پی کی موجودگی میں پاک بھارت ایٹمی جنگ نہ چھڑ جائے۔