Sunday, September 8, 2024

عالمی امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے: صدر پاکستان کا مسلح افواج کی  پریڈ سے خطاب

عالمی امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے: صدر پاکستان کا مسلح افواج کی  پریڈ سے خطاب
March 23, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی شکل میں نئے دشمن کا سامنا ہے۔ شمالی وزیرستان جلد دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا۔ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ سے خطاب کیا۔ انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک دی اور کہا ہم پرامن قوم ہیں، امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش چلینجز کا ذکر کیا اور کہا کہ انتہاپسندی ودہشت گردی کی شکل میں نئے دشمن کا سامنا ہے۔ دہشتگرد ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں صرف اور صرف امن کے پھول کھلیں گے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں۔ اسلحہ اور سازوسامان صرف دفاع کے لیے ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری کی سطح پر پرُامن دوستانہ تعلقات چاہتا ہے تاہم امن کی خواہش کو کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پرامن حل چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ ملک کو مسائل کے بھنور سے نکال کر عظمت اور بلندی کی جانب گامزن کر دیں گے۔