Sunday, September 8, 2024

عالمی اسٹاک مارکیٹوں پر چھائے مندی کے بادل پاکستان پر بھی منڈلانے لگے

عالمی اسٹاک مارکیٹوں پر چھائے مندی کے بادل پاکستان پر بھی منڈلانے لگے
January 14, 2016
کراچی (92نیوز) ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے بادل گرجتے برستے نظر آ رہے ہیں جس کا اثر پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے جس کے بعد پی ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ساڑھے سات سو سے زائد پوانٹس گھٹ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ”وال اسٹریٹ“ کی جانب سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی سے گرتی ہوئی تیل کی قیمت اور عالمی معیشت میں سست روی کی پیشگوئی کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پر مندی کے سائے چھائے ہوئے ہیں جس کے بعد جاپان کی مارکیٹ 3.92 فیصد ‘ چینی مارکیٹ 1.09 فیصد‘ ہانگ کانگ 1.63 فیصد‘ بھارت کی مارکیٹ 0.94 فیصد جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ 2.28 فیصد گھٹ گئی ۔ جکارتہ میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے دھماکوں کے بعد جکارتہ کی اسٹاک مارکیٹ 1.7 فیصد مندی کا شکار ہو ئی۔ عالمی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت میں گراوٹ اور یوان کی گرتی قدر اسٹاک مارکیٹوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ امریکی اور یورپی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت کو اس وقت مختلف خطرات کا سامنا ہے۔ امریکہ کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں جس کی وجہ سے سرمایہ کار اپنا سرمایہ مارکیٹوں سے نکالتے نظر آ رہے ہیں۔