Friday, April 19, 2024

عالمی ادارہ صحت کا نظام چلانے والی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کا پہلا ورچوئل اجلاس

عالمی ادارہ صحت کا نظام چلانے والی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کا پہلا ورچوئل اجلاس
May 19, 2020
 جینیوا (92 نیوز) عالمی ادارہ صحت کا نظام چلانے والی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کا پہلا ورچوئل اجلاس ہوا۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کورونا کے پھیلاؤ سے متعلق جلد تحقیقات کرانے کا وعدہ کیا۔ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے آن لائن اجلاس میں ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم کا کہنا تھا کہ وہ جلد از جلد معاملے کی آزادانہ جانچ کرا کے وبا سے متعلق تجربات اور اسباق پر نظر ثانی کریں گے۔ اس کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کووڈ نائنٹین سے نمٹنے کی بہتر حکمت عملی ترتیب دی جاسکے گی۔ کورونا وائرس پر بین الاقوامی رد عمل کی مکمل جانچ پڑتال کیلئے چین نے عالمی ادارہ صحت کی سربراہی میں تحقیقات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کہتے ہیں کہ چین نے کووڈ نائنٹین پھوٹنے کی مکمل معلومات شفاف انداز میں فراہم کیں اور وبا کے قابو میں آنے پر غیر جانبدار تحقیقات کی بھی حمایت کرے گا۔ شی جن پنگ نے کووڈ نائنٹین پر قابو پانے کیلئے دو سال کے دوران 2 ارب ڈالر امداد دینے کا بھی وعدہ کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ورلڈ ہیلتھ اسمبلی سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ادارے کو اس وقت پہلے سے زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے۔ دنیا کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کی بھاری قیمت چکا رہی ہے۔ قطب جنوبی میں واقع ممالک یعنی افریقہ، لاطینی امریکا اور کچھ ایشیائی ممالک میں وائرس کے اثرات مزید تباہ کن ہو سکتے ہیں۔