Friday, April 26, 2024

عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو ’’عالمی وبا‘‘ قرار دے دیا

عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو ’’عالمی وبا‘‘ قرار دے دیا
March 11, 2020
 نیویارک (92 نیوز) عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس کو ’’عالمی وبا‘‘ قرار دے دیا۔ چین سے نکلنے والے کرونا وائرس نے پورے عالم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار تین سو نواسی ہو گئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس آدھنم کا کہنا تھا کہ ’’عالمی وبا‘‘ ایسی اصطلاح نہیں کہ جسے غیر محتاط انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ عالمی ادارہ صحت کرونا وائرس پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اسے ’’عالمی وبا‘‘ قرار دینے کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر لیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے اور اس سے نمٹنے کیلئے خاص ہدایات بھی جاری کی ہیں جن میں ایمرجنسی رسپانس میں بہتری، عوامی آگاہی کیلئے بہتر انتظامات اور مشتبہ کیسز کی جانچ کیلئے ڈبلیو ایچ او کی جاری کردہ تعریف کو ملحوظ خاطر رکھنا شامل ہے۔ چین میں تو کرونا کا زور ٹوٹ گیا تاہم اٹلی میں خطرناک وائرس انتہائی تشویشناک صورت اختیار کر چکا ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 196 مریض ہلاک ہو گئے جبکہ سوا دو ہزار سے زائد نئے کیس بھی سامنے آ چکے ہیں۔ ملک بھر میں کرونا متاثرین کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار کے قریب جا پہنچی ہے۔ اسپین میں ایک ہی روز میں تیرہ  جبکہ جاپان اور بیلجیئم میں مزید تین تین ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ جرمنی، امریکا اور سویٹزرلینڈ سمیت متعدد ممالک میں بھی مزید مریض جان کی بازی ہار گئے۔ البانیا، انڈونیشیا، بیلجیم اور پاناما میں پہلی پہلی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی۔ وائرس کے گڑھ چین کی صورتحال کافی حد تک قابو میں آچکی ہے ۔ صوبہ ہیوبے میں کاروبارِ زندگی پھر سے معمول پر آنے لگا۔ جنوبی کوریا میں بھی کرونا کا دباؤ کم پڑ رہا ہے جہاں ایک روز میں ڈھائی سو کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔