Friday, April 26, 2024

عالمی ادارہ صحت نے ریو اولمپکس ملتوی کرنے یا مقام کی تبدیلی کا امکان مسترد کر دیا

عالمی ادارہ صحت نے ریو اولمپکس ملتوی کرنے یا مقام کی تبدیلی کا امکان مسترد کر دیا
May 30, 2016
لندن (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ برازیل میں ہونے والی ریو اولمپکس کو زکا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملتوی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے اولمپکس کا مقام تبدیل کرنے کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے زکا وائرس سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور صرف اس بنیاد پر کھیلوں کے عالمی ایونٹ کو منسوخ یا ملتوی کرنا درست نہیں ہے۔ دوسری جانب ریوڈی جنیریو کے میئر نے دعویٰ کیا ہے کہ انتظامیہ نے زکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل سائنسدانوں کے ایک گروپ نے عالمی ادارہ صحت سے اپیل کی تھی کہ زکا وائرس کے مزید پھیلاﺅ کے خطرے کے پیش نظر ریو اولمپکس کو ملتوی کر دیا جائے یا ان کا مقام تبدیل کر دیا جائے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی اولمپکس کے مقام کی تبدیلی یا منتقلی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس فروری اور اپریل کے درمیان صرف برازیل میں 90 ہزار سے زیادہ زکا وائرس کے کیس سامنے آئے تھے۔ زکا وائرس اب تک لاطینی امریکا کے بہت سے ممالک میں لاکھوں حاملہ خواتین کو متاثر کر چکا ہے۔