Sunday, May 5, 2024

عالمی اتحاد کے امریکی سفیر بریٹ مک گروک عہدے سے مستعفی

عالمی اتحاد کے امریکی سفیر بریٹ مک گروک عہدے سے مستعفی
December 23, 2018
واشنگٹن ( 92 نیوز)شام سے فوجیں نکالنے کا فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کے گلے پڑگیا،  ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ہی قیادت  نے ساتھ چھوڑنا شروع کردیا،پہلے وزیر دفاع جیمز میٹس اور اب عالمی اتحاد کے امریکی سفیر بریٹ مک گرُوک نے بھی اپنا استعفی صدر ٹرمپ کو بھیج دیا۔ شام سے امریکی فوج کی واپسی  کے معاملے پر خصوصی امریکی سفیر بریٹ مک گرُوک بھی مستعفی ہوگئے، ان کا  کہنا ہے کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا فیصلہ انتہائی لاپرواہی ہوگا۔مک گرُوک  نے  استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی اتحادیوں کے لئے بھی پریشان کن ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے  بریٹ مک گرُوک کون ہیں ، امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ   بریٹ مک گرُوک نے فروری میں ریٹائر ہونا تھا، اگر انہوں نے ریٹارمنٹ سے قبل استعفی دے دیا  تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اس سے قبل شام سے فوجیوں کے انخلا پر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو حق ہے کہ وہ اپنے نظریات کے مطابق کسی اور کو منتخب کرلیں جبکہ امریکی فوجیوں کے ساتھ شام میں سرگرم مغاویر الثورہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے فیصلے کے باوجود شام کی سرحد التنف پرابھی بھی امریکی فوج موجود ہے۔