Thursday, April 25, 2024

عالم اسلام کی ترقی میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا کردار

عالم اسلام کی ترقی میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا کردار
April 3, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)ذکرہواندرونی انتشار اور بیرونی خطرات میں گھرے عالم اسلام کے اتحاد کا تو زبان پر بے ساختہ ذوالفقار علی بھٹو کا نام آجاتا ہے ، دل سے ٹھنڈی آہ نکلتی ہے اور آنکھوں میں عالم اسلام کے اتحاد کے ٹوٹے خوابوں کی کرچیاں چھبنے لگتی ہیں۔ ذوالفقارعلی بھٹو نے چالیس سال قبل لاہور میں ہونےو الی  دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس میں اپنی تقریر کے ذریعے عالم اسلام کو درپیش مستقبل کے جن خطرات اور عالمی سازشوں کو ذکر کیا تھا، آج افغانستان سے لے کر عراق اور خلیج سے لے کر مشرق وسطیٰ تک انہیں میں گھرے نظر آتے ہیں۔ بھٹو نے عرب حکمراںوں کو تیل کی طاقت کا شعور دیا اور انہیں عالمی استعمار کے خلاف تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر آمادہ کیا۔ اسلامی ممالک کو اوآئی سی پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا شدید مخالف بھی بھٹو کی ان خدمات کے معترف ہیں۔ سمٹ مینار صرف اسلامی سربراہی کانفرنس کی یادگار ہی نہیں، بلکہ اس بات کا بھی گواہ ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی استعمار کے خلاف مسلمانوں کو متحد کرکے دراصل اپنی موت کے پروانے پر خود ہی دستخط کئے اور وہ اپنے اس انجام سے بخوبی آگاہ بھی تھے۔ بھٹو نے پاکستان میں مارشل لا لگنے سے قبل پارلیمنٹ میں کئے گئے ایک خطاب میں  اپنے لئے بنے جانے والی امریکی جال اور عالمی سازشوں کو اظہارکیا تھا۔ بھٹو کے خدشات درست ثابت ہوئے، اور ایک اندھیری رات میں ضیا الحق نے جمہوریت پر شب خون  مار دیا اور تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ بھٹو کی پھانسی سے اسلامی دنیا ایسی بھٹکی کہ ابھی تک سنھبل نہیں پائی، یہاں کوہ ہمالیہ رو رہا ہے تو وہاں خلیج اور مشرق وسطیٰ لہو لہو ہیں۔