Wednesday, May 8, 2024

عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف چارج شیٹ سامنے آگئی

عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف چارج شیٹ سامنے آگئی
January 26, 2020
 پشاور (92 نیوز) عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف چارج شیٹ سامنے آگئی۔ وزراء وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام سرانجام نہ دے سکے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی نشاندہی کے باوجود سیاحت کے فروغ پر کام نہیں ہو سکا۔ کل تک کسی کی آنکھ کا تارا رہنے والے عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد سے انکی وزارتیں چھینی گئیں تو تینوں کیخلاف لمبی چوڑی چارج شیٹ بھی سامنے  آگئی۔ وزیراعظم عمران خان کی آشیر باد سے وزیر اعلیٰ محمود خان نے ٹاسک پورے کرنے میں مسلسل ناکام رہنے پر تینوں کو گھر کی راہ دکھا دی۔ گزشتہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے والے سینئر وزیرعاطف خان کو تحریک انصاف کا برانڈ ایمبیسڈر سمجھا جاتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں انکے ذمے دیگر محکموں کیساتھ ساتھ سیاحت جیسا اہم شعبہ لگایا گیا تاہم وہ  وزیراعظم عمران خان  کے ویژن اور وفاقی حکومت کے نتیجہ خیز اقدامات کے باوجود صوبے میں سیاحت کے فروغ میں ناکام رہے۔ وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کی نشاندہی، ای ویزا اور دیگر سفری سہولیات کے اجراء کے  باوجود  عاطف خان  سیاحوں کی بڑی تعداد کو خیبر پختونخوا کی حسین وادیوں میں لانے کا ٹاسک پورا نہ کرسکے۔ شہرام ترکئی کی بھی گزشتہ حکومت میں بطور وزیر صحت کارکردگی قابل تحسین رہی تھی تاہم ذرائع کے مطابق شہرام ترکئی  موجودہ دور میں بطور وزیر بلدیات وزیراعظم کے ویژن اور واضح ہدایات کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا قانون منظور کرانے میں ناکام رہے۔ دونوں وزراء کی کارکردگی پارٹی اور صوبائی حکومت کیلئے مسلسل شرمندگی کی وجہ بنتی رہی۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے بار بار توجہ دلوانے اور مواقع فراہم کئے جانے کے باوجود وزرا ٹس سے مس نہ ہوئے۔ وزیر مال شکیل احمد کو پارٹی میں گروپ بندی اور دونوں وزرا کا ساتھ دینے کی پاداش میں وزارت سے ہاتھ دھونا پڑے۔ ذرائع کے مطابق نئے وزراء کا تقرر جلد کردیا جائے گا۔