Tuesday, April 23, 2024

عاصم باجوہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے مستعفی، خالد منصور معاون خصوصی برائے سی پیک امور تعینات

عاصم باجوہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے مستعفی، خالد منصور معاون خصوصی برائے سی پیک امور تعینات
August 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سےاستعفی دے دیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے استعفے سے متعلق بتاتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے لکھا کہ وہ اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے انہیں پاک چین اقتصادی راہداری جیسے اہم ادارے کے منصوبوں کے لیے ونڈو کے طور پر اٹھانے اور چلانے کا موقع دیا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ سب کچھ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت کے مکمل اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا، میری نیک خواہشات خالد منصور کیلئے ہیں جو اسے آگے لے جانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ سی پیک پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، یہ ہمیں ترقی یافتہ اور مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک میں بدل دے گا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افئیرز تعینات کردیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے خالد منصور کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے عاصم باجوہ کے مشکور ہیں۔ عاصم سلیم کی لگن اور عزم بڑی طاقت اور حمایت کا ذریعہ تھی۔ خالد منصور کارپوریٹ تجربہ کار اور سی پیک منصوبوں پر براہ راست شامل رہے۔

اٗن کا کہنا تھا کہ سی پیک کو آگے لے کر جانے میں ان کا وسیع تجربہ  مدد گار ثابت ہو گا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیئر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ خالد منصور خوش آمدید اور اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔