Sunday, May 19, 2024

عازمین حج کی منیٰ کیلئے روانگی شروع ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

عازمین حج کی منیٰ کیلئے روانگی شروع ، سکیورٹی کے سخت انتظامات
August 19, 2018
ریاض (92 نیوز) دنیا بھرسےعازمین حج کی منیٰ کیلئے روانگی شروع ہوگئی جن میں پاکستان کے  ایک لاکھ چوراسی ہزارعازمین شامل ہیں ۔ سعودی عرب سے داخلی عازمین کے قافلے رات گئے منیٰ پہنچ چکے ہیں۔ رواں سال دنیا بھرسے بیس لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں جنہیں مکہ مکرمہ سے آج بسوں کے ذریعے منیٰ لایا جا رہا ہے۔ منی میں حد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہوگیا ہے جو پانچ دن تک جاری رہے گا۔ عازمین اتوار کو سارا دن قیام کے بعد پیر کی صبح حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات پہنچیں گے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق امسال 2 لاکھ سے زائد داخلی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے پرمٹ جاری کئے گئے ہیں۔ جدہ کے مختلف مقامات سے داخلی عازمین کی روانگی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ داخلی عازمین کوحج خدمات فراہم کرنے والے بعض اداروں نے اپنے عازمین کو 7 ذوالحجہ کی شام ہی مکہ مکرمہ پہنچا دیا تھا جہاں سے وہ طواف القدوم کے بعد رات گئے منی روانہ ہوئے۔ مناسک حج  کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ دس ہزار ہزار فوجی  اور تین ہزار پولیس اہلکار حفاظت پر مامور ہیں جبکہ  رائل فورس کے دس ہیلی کاپٹر اہم مقامات پر  فضائی نگرانی کر رہے ہیں۔