Saturday, April 27, 2024

عارف نواز آئی جی پنجاب تعینات، اطلاعات اور ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹریز ‏بھی تبدیل

عارف نواز آئی جی پنجاب تعینات، اطلاعات اور ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹریز ‏بھی تبدیل
April 16, 2019

لاہور (ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب امجد سلیمی کو عہدے سے ہٹا تے ہوئے کیپٹن (ر) عارف نواز کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کردیا ہے ۔

 اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے امجد سلیمی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

 امجد سلیمی پاکستان پولیس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں جبکہ پولیس سروسز کے گریڈ22 کے افسرکیپٹن (ر) عارف نواز اس سے قبل انسداد منشیات ڈویژن میں کام کر رہے تھے ۔

 عارف نواز 2017 میں بھی پنجاب کے آئی جی رہ چکے ہیں، ان کا تعلق پولیس سروس کے 14ویں کامن سے ہے ۔

 واضح رہے گزشتہ آٹھ ماہ میں حکومت نے تیسری بار پنجاب کے آئی جی کو تبدیل کیا ہے ۔

 جون2018میں کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کو ہٹا کر ڈاکٹر سید کلیم امام کو انسپکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا، ستمبر 2018میں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا اور انکی جگہ محمد طاہر کو نیا آئی جی بنایا گیا اور ایک ماہ بعد ہی انہیں ہٹا کر اکتوبر2018میں امجد جاوید سلیمی کو آئی جی پنجاب لگادیا گیا اور اب انہیں ہٹا کر دوبارہ عارف نواز کو پنجاب کا آئی جی بنا دیا گیا ہے ۔

 علاوہ ازیں سیکرٹری خوراک شوکت علی کا بطور سیکرٹری زراعت تبادلہ منسوخ کرکے سیکرٹری ہائیرایجوکیشن تعینات کردیا گیا ہے ،شوکت علی کو گزشتہ روز سیکرٹری زراعت مقرر کیا گیا تھا،سیکرٹری ہائیرایجوکیشن مومن آغا تبدیل کرکے سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ واصف خورشیدسیکرٹری زراعت کو تبدیل کر کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ تعینات کرنے کے حوالے سے احکامات بھی منسوخ کر دئیے گئے ۔

پنجاب کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایس او برائے چیف سیکرٹری پنجاب توقیر خان کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص ، موٹر ٹرانسپورٹ آفیسر ، ایس اینڈ جی اے ڈی اعجاز عبد الکریم کو تبدیل کر کے پی ایس او برائے چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا گیاہے ۔

 غلام دستگیرڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کو ڈیپوٹیشن پریڈ ختم ہونے پران کے محکمہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ میں واپس دیا گیا ۔

شہزاد اختر ڈپٹی ڈائریکٹر ، آڈٹ آفیسر ثانوی تعلیمی بورڈ بہاولپور کو ریذیڈنٹ آڈیٹر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز بہاولپور کا 3ماہ کے لئے اضافی چارج سونپ دیا گیاہے ۔

دریں اثنا حکومت پنجاب نے 101پی ایم ایس افسروں کو گریڈ17سے گریڈ18میں ترقی دیدی ہے ۔

افسروں کو ترقی دینے کا فیصلہ صوبائی سلیکشن بورڈ ٹو کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت صوبائی سلیکشن بورڈٹو نے 27مارچ2019 کو ہونے والے اجلاس میں گریڈ17میں کام کرنے افسروں کو ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔

 چیف سیکرٹری پنجاب نے 10اپریل کو افسروں کو ترقی دینے کی منظوری دی۔ منظوری کے پیش نظرسیکشن آفیسر (کانفیڈینشل فور) سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے مراسلہ جاری کر دیا۔

 ترقی پانے والے پی ایم ایس افسروں کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر/ڈپٹی سیکرٹری کے عہدوں پر تعینات کیا جائے گا، مزید برآں چیف کمشنر اسلام آباد کے احکامات پر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی سمیرا اعظم کو انڈسٹریل ایریا زون سے ہٹا کر ایس پی ایس ایس جی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ایس پی لیاقت حیات خان نیازی کو ایس پی ایس ایس جی سے ہٹا کر ایس پی ڈی پی ڈی تعینات کر دیا گیا ہے ۔

ایس پی ہیڈ کوارٹرز کیپٹن ( ر ) عامر نیازی کو تین ماہ کے لئے ایس پی انڈسٹریل ایریا کا اضافی چارج سونپا گیا ہے ۔