Tuesday, May 7, 2024

عارف علوی کی پیر پگارا سے ملاقات،فنکشنل لیگ نے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی

عارف علوی کی پیر پگارا سے ملاقات،فنکشنل لیگ نے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی
August 27, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پہلے سینیٹ کے انتخابات ، ا س کے بعد عام انتخابات اور اب صدارتی امیدوار کے انتخابات کیلئے  تمام سیاسی جماعتیں متحرک ہیں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کراچی کنگری ہاؤس پہنچے اور  پیر پگارا سے ملاقات میں صدارتی انتخابات کیلئے حمایت مانگی ۔ پیر صدر الدین شاہ راشدی نے عارف علوی کی بات مان لی اور  حمایت کا اعلان کردیا ،  پریس کانفرنس میں کہا کہ سب مل کر عارف علوی کو صدر بنائیں، غریب آدمی صدر بنے گا تو سب مستفید ہوں گے ۔ پیر پگارا کی جانب سے حمایت کے اعلان پر عارف علوی خوشی سے نہال ہو گئی اور  فنکشنل لیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ شہری اور دیہی علاقوں کی بات کی، سب کا صدر ہوں گا لیکن پوری کوشش ہوگی کہ سندھ کو پیکجز ملیں۔ دوسری جانب عارف علوی کی پیر پگارا سے ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق پیر پگارا نے سندھ کا اپوزیشن لیڈر جی ڈی اے کا نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور پریس کانفرنس میں بھی شریک نہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق عارف علوی نے انہیں یقین دلایا کہ ابھی تک اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ نہیں کیا۔ اس سے قبل عارف علوی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، میڈیا سے گفتگو میں قاسم سوری نے کہا کہ قائد کے اصولوں پر چلیں گے اور طبقاتی نظام کا خاتمہ کریں گے۔ عارف علوی نے کہا کہ نیا پاکستان بننے جارہا ہے، صدر منتخب کرنے پر عمران خان کا مشکور ہوں۔