Tuesday, May 7, 2024

عارف علوی کی فرمائش پر جہانگیر ترین پاکستان پہنچ گئے

عارف علوی کی فرمائش پر جہانگیر ترین  پاکستان پہنچ گئے
August 27, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز)  عارف علوی کی فرمائش پر جہانگیر ترین  پاکستان پہنچ گئے  ، جہانگیرترین دورہ برطانیہ مختصر کر کے پاکستان پہنچے ہیں  ۔ صدر پاکستان کے عہدے کیلئے امیدواروں کی بھاگ دوڑ جاری ہے جب کہ اس سلسلے میں جوڑ توڑ بھی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت  بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے جہانگیر ترین   صدارتی انتخابات میں بھی کردار ادا کرنے کیلئے اپنا دورہ برطانیہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس چلے آئے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی نے گزشتہ روز جہانگیر ترین  سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے وطن واپس آکر  صدارتی انتخابات میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی جس پر جہانگیر ترین پہلی دستیاب فلائٹ پر وطن واپس پہنچ گئے ۔ دوسری جانب چودھری سرور اور شاہ فرمان نے ووٹ دینے کیلئے حلف برداری مؤخرکردی، ادھر صدارتی انتخاب سے قبل تحریک انصاف کو ایک اور کامیابی مل گئی ، فاٹا سے آزاد سینیٹر ہدایت اللہ  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات  کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹر ہدایت اللہ کی شمولیت سے تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگئی  ہے ۔