Friday, April 19, 2024

عارف علوی 353 ووٹ لے کر پاکستان کے 13ہویں صدر منتخب ،غیرحتمی ‏غیرسرکاری نتائج

عارف علوی 353 ووٹ لے کر پاکستان کے 13ہویں صدر منتخب ،غیرحتمی ‏غیرسرکاری نتائج
September 5, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی 353 ووٹ لے کر پاکستان کے 13ہویں صدر منتخب  ہو گئے ۔ پاکستان کے 13ہویں صدر کے انتخاب کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس  اور ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں  خفیہ ووٹنگ ہوئی ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی  353 ووٹ لے کر پہلے ،  مولانا فضل الرحمان 186  ووٹوں کے  ساتھ دوسرے اور اعتزاز احسن 124 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ وفاقی پارلیمان کے اعلان  کے مطابق پارلیمنٹ میں کل 430ووٹ پول ہوئے  جن میں پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی نے 212 ووٹ حاصل کیے ، اپوزیشن اتحاد کے مولانا فضل الرحمان نے 131 اور پاکستان پیپلزپارٹی  کے اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کیے جبکہ 6 ووٹ مسترد ہوئے ۔اگر اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہوتا تو اسے بھی 212 ووٹ ملتے ۔ پنجاب کی اسمبلی میں کل 351 ووٹ کاسٹ ہوئے  ، عارف علوی کو  186 ووٹ ملے ،فارمولہ کے تحت عارف علوی نے پنجاب اسمبلی سے 33ووٹ حاصل کئے  ۔  مولانا فضل الرحمان پنجاب اسمبلی سے  141 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے   جو  فارمولہ کے تحت 25 ووٹ بنے ، پاکستان پیپلزپارٹی کے  اعتزازاحسن کو 6ووٹ ملے یہ فارمولہ کے مطابق ایک ووٹ بنا۔ پنجاب اسمبلی میں ڈالے گئے ووٹوں میں  مسلم لیگ ن کے 16 اور پاکستان تحریک انصاف کے دو ووٹ مسترد قرار پائے جب کہ مسلم لیگ ن کے دو ارکان ووٹ ڈالنے ہی نہیں آئے ۔ سندھ اسمبلی سےعارف علوی کو56،اعتزازاحسن کو100 اور مولانافضل الرحمان کوایک ووٹ ملا جب کہ  بلوچستان سےعارف علوی کو45،مولانا فضل الرحمان کو 15 جبکہ اعتزازکوکوئی ووٹ نہ ملا۔خیبرپختونخواسےعارف علوی کو78،اعتزازکو5اورمولانافضل الرحمان کو 26ووٹ ملے ۔ صدارت کے تمام امیدوار اپنے اپنے صوبوں سے جیت نہ سکے ۔سندھ سے تعلق رکھنے والے عارف علوی کو سندھ اسمبلی میں 56، پنجاب سے تعلق رکھنے والے اعتزازاحسن کو  پنجاب اسمبلی سے ایک جبکہ خیبرپختونخوا کے تعلق رکھنے والے مولانا فضل الرحمان کو  خیبرپختونخوا اسمبلی سے  26ووٹ ملے۔ کامیاب امیدوار کے نوٹیفکیشن کے بعد نئے صدرِ مملکت سے چیف جسٹس آف پاکستان  9ستمبر کو حلف لیں گے جبکہ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی الیکشن کے سرکاری نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا ۔