Sunday, September 8, 2024

عابد شیر علی کہتے ہیں کہ نواز شریف کو شکست دینے کا سوچنے والے مشرف کی باقیات ہیں

عابد شیر علی کہتے ہیں کہ نواز شریف کو شکست دینے کا سوچنے والے مشرف کی باقیات ہیں
September 2, 2017

فیصل آباد (92 نیوز) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو شکست دینے کا سوچنے والے مشرف کی باقیات ہیں۔ جی ٹی روڈ مارچ پر قوم کو نواز شریف کیلئے دعائیں کرتے دیکھا۔ این اے ایک سو بیس کا الیکشن ثابت کر دے گا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی عید کے دن بھی سیاست کے رنگ میں رنگے نظر آئے۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نوازشریف کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن این اے ایک سو بیس کا نتیجہ فال نکالنے والے نجومیوں اور غافلوں کی آنکھیں کھول دے گا۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اس وقت چھیڑا گیا جب ملک میں ترقیاتی منصوبے چل رہے تھے۔ سی پیک کیخلاف سازش ہو رہی ہے۔ جس کیخلاف قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ جی ٹی روڈ مارچ کے دوران عوام کو نواز شریف کیلئے دعائیں کرتے دیکھا۔ وہ پوچھتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم نے کون سے کرپشن کی جس کی انہیں سزا دی گئی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آئین توڑنے والوں کو کمر درد کے بہانے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔ عمران خان اور ان کے ساتھی جنہوں نے نواز شریف کے خلاف ڈرامہ رچایا ان کی قربانی کا وقت ہے۔ آئندہ انتخابات کے بعد عمران خان کا نام و نشان نہیں ہو گا۔