Monday, May 13, 2024

عابد شیر علی کا پی ٹی آئی کے چار رہنماؤں کیخلاف این سی اے سے رجوع کرنیکا اعلان

عابد شیر علی کا پی ٹی آئی کے چار رہنماؤں کیخلاف این سی اے سے رجوع کرنیکا اعلان
December 7, 2019
لندن ( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے  پی ٹی آئی  کے چار رہنماؤں کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی  برطانیہ سے  رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔ عابد شیر علی نے کہا فیصل واڈا نے لندن میں  30 ملین پاؤنڈ کی جائیداد بنائی ، جہانگیر ترین ، علیمہ باجی اور علیم خان کی بھی جائیدادیں ہیں ، وکلاء سے مشاورت مکمل کر لی ہے ، این سی اے سے رجوع کریں گے ۔ لند ن میں پاکستانی صحافیوں سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پاکستان کے غریبوں کا پیسہ لوٹ کر لندن میں انویسٹ کیا ، نیب نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، وزیر اعظم دنیا کو منی لانڈرنگ سے متعلق لیکچر دیتے رہے  لیکن چور ان کے  اپنے گھر میں بیٹھے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ہائیڈ پارک کیساتھ ہی تیسرا دروازہ فیصل واڈا کا ہے جو لندن کی مہنگی ترین پراپرٹی ہے ، میں نے اس گھر کے باہر تین بار پریس ٹالک بھی کی یہ تیس ملین پاؤنڈ کی پراپرٹی ہے ،فیصل واڈا بتائیں کہ یہ پراپرٹی کیسے خریدی ، پیسہ کیسے آیا ۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کی دنیا بھر میں  17 کے قریب پراپرٹیز ہیں جن میں سے قریباً چھ برطانیہ میں ہیں ، وہ کن ذرائع سے پیسے یہاں لیکر آئیں اور مہنگے ترین چھ اپارٹمنٹ  خریدے ، علیمہ باجی آپ جو اربوں روپے  لوٹ کر  یہاں سفید کر رہی ہیں ، ان کے ذرائع آمدن کون سے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین کی ایک ہی پراپرٹی آٹھ سے دس ملین پاؤنڈ کی ہے ، ان کے بیٹے کے نام پر ساٹھ سے ستر ملین پاؤنڈ کی پراپرٹیز ہیں ،   وہ بھی بتائیں کہ کن ذرائع سے رقوم  ٹرانسفر کی ،  علیم خان کی بھی کئی ملین پاؤنڈکی پراپرٹیز ہیں  ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چاروں رہنماؤں کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ سے رجوع کروں گا، اس سلسلے میں اپنے وکلاء سے  مشاورت مکمل کر چکاہوں ،  لیگل نوٹس  بھی بھجواؤں گا۔