Monday, September 16, 2024

عابد باکسر کو دبئی سے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

عابد باکسر کو دبئی سے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ
February 15, 2018

لاہور (92 نیوز) سابق انسپکٹر عابد باکسر کو پاکستان لانے کے لئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پٹیشن سبزہ زار پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین کی جانب سے دائر کی جائے گی جس میں پی ٹی آئی بھی فریق بنے گی ۔
دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ عابد باکسرکی دبئی میں چیک ڈس آنر کے دو مقدمات میں بھی گرفتاری ڈال دی گئی ۔
دونوں مقدمات عابد باکسر کے لاہور سے تعلق رکھنے والے دو قریبی ساتھیوں نے ہی درج کرائے ۔
عابد باکسر کے دوستوں میں سے ایک ن لیگ کی ایم پی اے کارکن ہے ۔
ذرائع کے مطابق ان مقدمات میں گرفتاری ڈالنے کا مقصد عابد باکسر کی پاکستان آمد روکنا ہے ۔
اس دوران سبزہ زار پولیس مقابلہ میں مفرور پولیس انسپکٹر کی گرفتاری کے لئے سیشن کورٹ میں آفتاب باجوہ کی جانب سے درخواست بھی دائر کر دی گئی ۔
ادھر لاہور کے علاقے ملت پارک کے رہائشی سابق کونسلر جواد فردوسی کے اہلخانہ دو ماہ بعد بھی انصاف کے لئے دہائی دے رہے ہیں ۔ انہوں نے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ عابد باکسر ان کا مجرم ہے، اسے جلد گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے ۔
دو دسمبر دو ہزارسترہ کو ملت پارک کے علاقے میں فائرنگ کر کے سابق کونسلر جواد فردوسی کو قتل کر دیا گیا تھا جس کا مقدمہ مفرور انسپکٹر عابد باکسر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج کروایا گیا تھا ۔
اہل خانہ کے مطابق عابد باکسر کی جانب سے ان کے بھائیوں کو براہ راست دھمکیاں دی گئیں ۔ ایک ہفتے کے بعد جواد کو قتل کر دیا گیا ۔