Sunday, September 8, 2024

عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑنے سے صاف انکار کردیا

عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑنے سے صاف انکار کردیا
September 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پارٹی پالیسی سے انحراف پر اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا معاملہ۔ عائشہ گلالئی نے وکیل کی خدمات لینے کے لئے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔ کمیشن نے آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عائشہ گلالئی کہتی ہیں پارٹی عمران نیازی کی جاگیر نہیں۔ وہ تو ڈینگی مچھروں سے ڈرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے خلاف تحریک انصاف کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ مقررہ مدت میں ریفرنس کی سماعت مکمل کرنی ہے۔

انہوں نے عائشہ گلالئی سے ا ستفسار کیا کہ کیا انہیں پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا۔ عائشہ گلالئی نے ہاں میں جواب دیتے ہوئے وکیل کی خدمات لینے کے لئے وقت مانگ لیا۔

الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑنے سے صاف انکار کردیا۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کی حالت بری ہے۔ عمران نیازی ڈینگی مچھروں کے ڈر سے اب تک وہاں نہیں گئے۔

عائشہ گلالئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان سے کہا کہ عمران نیازی کے جھوٹ کی سیاست چلے گی نہ گالم گلوچ کی سیاست۔ انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کا احترام کرتی ہیں۔