Sunday, September 8, 2024

عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع کرادیا

عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع کرادیا
September 19, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) عمران خان کے الزامات بے بنیاد، گمراہ کن اور ریفرنس بدنیتی پرمبنی ہے۔عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع کرادیا۔ کہتی ہیں نیازی صاحب کرپٹ لوگوں کو ساتھ بٹھا کر کرپشن کا خاتمہ کیسے کر سکتے ہیں۔ قیادت کے لئے ڈوپ ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے۔

الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کو قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کے لئے عمران خان کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عائشہ گلالئی، ان کے وکیل بیرسٹر مسرور اور تحریک انصاف کے وکیل سکندر مہمند پیش ہوئے۔

عائشہ گلالئی نے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی جانب سے ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے۔ عمران خان کے وکیل نے بھی عائشہ گلالئی کے خلاف تحریری دستاویزات جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن نے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عائشہ گلالئی نے عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ کہنے لگیں نیازی صاحب کو مشورہ ہے الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت میں جانے کے بجائے لاہور کے عوام کے پاس جائیں اور پوچھیں کہ انہوں نے ووٹ کیوں نہیں دیا۔

اس موقع پر عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف جھوٹ بولنے پر کارروائی کی جائے۔