Sunday, September 8, 2024

ظلم واستبداد کیخلاف علم بغاوت بلند کرنے والے عظیم عوامی شاعر حبیب جالب کا آج اٹھاسیواں یومِ پیدائش

ظلم واستبداد کیخلاف علم بغاوت بلند کرنے والے عظیم عوامی شاعر حبیب جالب کا آج اٹھاسیواں یومِ پیدائش
March 24, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ظلم واستبداد کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والے عظیم عوامی شاعر حبیب جالب کا آج اٹھاسیواں یومِ پیدائش منایا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کو للکارنے والے اور ان کے پیش کردہ ضابطوں کے انکاری حبیب جالب چوبیس مارچ انیس سو اٹھائیس کو بھارتی پنجاب کے شہر ہوشیارپور میں پیدا ہوئے۔ پرانی نمائش کراچی کے وسیع میدان میں اپنی زندگی کے پہلے مشاعرے میں ‘‘آج اس شہر میں، کل نئے شہر میں، بس اسی لہر میں’’ غزل پڑھی۔ حبیب جالب کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ ان کی شاعری عیاش حکمرانوں کے لیے دردسر بن جائے گی۔ ایک اخبار میں پروف ریڈنگ، انکم ٹیکس وکیل کے دفتر میں ملازمت اور کراچی بندرگاہ پر مزدوری نے جالب کو محنت کشوں سے قریب کر دیا۔ جنرل ایوب کے دستور سے انکار نے جالب کو مزاحمتی شاعری پر غالب کر دیا۔ جالب نے ہر دور حکومت میں حق وصداقت کا علم بلند رکھا اور ہر حکمران کو اس کی غلطیوں سے نہ صرف آگاہ کیا بلکہ اس کا اپنی شاعری میں برملا اظہار بھی کیا۔ انیس سو ستر کی دہائی میں ان کی نظم ‘‘میں نے اس سے یہ کہا’’ نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل پیدا کر دی۔ آج جالب ہم میں نہیں لیکن ان کی توانا آواز آج بھی لوگوں کے دلوں میں پوری قوت کے ساتھ گونج رہی ہے۔