Sunday, May 19, 2024

ظالم بھائی نے اپنے تین معصوم بھتیجوں کو بے دردی سے قتل کر دیا  

ظالم بھائی نے اپنے تین معصوم بھتیجوں کو بے دردی سے قتل کر دیا  
June 12, 2015
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت  کے علاقہ شاہدرہ میں اراضی تنازع اور اولاد نہ ہونے پر حسد کی آگ میں جلنے والے بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کے معصوم بچوں کو بیدردی سے ذبح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ فضل پارک میں سگے بھائی نےاراضی تنازع اور اولاد نہ ہونے پر چھوٹے بھائی کا گھر اجاڑ دیا۔ ملزم فریاد اچانک دوپہر کو بھائی کے گھر آیا اور چھری سے بچوں کے گلے کاٹنا شروع کر دیئے۔ سب سے پہلے چھے ماہ کے معصوم بچے شکیل کا گلا کاٹا پھر تین سالہ وسیم اور پانچ سالہ عظیم کو ہمیشہ کی نیند سلا دیا۔ اپنے جگر کے ٹکڑوں کو بچانے کے لیے بچوں کی والدہ سلمیٰ آگے بڑھی تو ملزم نے اس کے پیٹ میں بھی چھری گھونپ دی۔ بچوں کے والد مجید نے بتایا کہ اس کا بھائی فریاد پہلے بھی اس سے جھگڑتا رہتا تھا اور اس کے بچوں کو مارنے کی دھمکی دیتا رہتا تھا۔ بچوں کے دادا نے بتایا کہ پندرہ دن پہلے فریاد لڑکر گھر سے بھاگ گیا تھا اور آج اچانک خون کی ہولی کھیلنے آ گیا جبکہ بچوں کی دادی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس کے بیٹے فریاد کو چوک میں سرعام پھانسی دی جائے۔ محلے داروں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا اور مطالبہ کیا کہ اسے عبرتناک سزا دی جائے۔