Friday, April 19, 2024

اسلام آباد: ‏طیبہ تشدد کیس میں نامزد جج کو او ایس ڈی بنا دیا گیا

اسلام آباد: ‏طیبہ تشدد کیس میں نامزد جج کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
January 12, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے طیبہ تشدد کیس میں نامزد ملزم ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم علی  خان کی خدمات واپس لے کر انہیں او ایس ڈی  بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق طیبہ کیس میں نیا موڑ آ گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نامزد ملزم ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم علی خان کی خدمات واپس لے کر انہیں او ایس ڈی بنا دیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک بطور ایڈیشنل سیشن جج اپنا کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

اس سے پہلے ہونے والی سماعت میں طیبہ کے دعوے دار باپ نے کہا تھا کہ صلح کے نام پر سادہ کاغذ پر انگوٹھے لگوائے گئے جس پر عدالت نے پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ دوسری طرف چھوٹی سی عمر میں ظلم کے پہاڑ ٹوٹے تو طیبہ بھی ٹوٹ گئی۔ سپریم کورٹ گئی تو گم سم تھی۔ پھر وہاں سے سویٹ ہومز پہنچی تو ہچکچاتی رہی لیکن اب وہ خوش ہے۔ سویٹ ہومز میں کھیلتی کودتی پھر رہی ہے۔

سویٹ ہومز کے سرپرست زمرد خان بھی طیبہ کو نارمل ہوتا دیکھ کر مطمئن ہیں۔ سویٹ ہومز میں طیبہ کی سہیلیاں بھی بن گئیں۔ اسی کی ہم نام طیبہ کا کہنا ہے کہ وہ اور طیبہ ساتھ ساتھ رہتی ہیں۔ کھانا بھی اکٹھے کھایا۔ گھر سے نکل کر پھر 5دن گھر میں ہی قید رہنے والی طیبہ سویٹ ہومز کی کھلی فضاﺅں میں چہکتی پھررہی ہے۔ کھیلنے کیلئے دوست بھی مل گئے ہیں۔ ننھی کلی پھر سے زندگی میں واپس لوٹ آئی ہے۔