Tuesday, April 23, 2024

طیبہ تشدد کیس: عدالت کا ڈی آئی جی اسلام آباد کو مفصل تحقیقات کا حکم

طیبہ تشدد کیس: عدالت کا ڈی آئی جی اسلام آباد کو مفصل تحقیقات کا حکم
January 11, 2017

اسلام آباد (92نیوز) گھریلو تشدد کا شکار بچی طیبہ کو سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو معاملے کی مفصل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے دس دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق حاضر سروس جج کے گھر میں ظلم اور تشدد کا شکار ہونے والی طیبہ کو آج سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس اور بچی کے والد کے درمیان مکالمہ جاری رہا۔

چیف جسٹس نے بچی کے والد اعظم سے استفسار کیا کہ کیا اس نے بچی پر تشدد کرنے والوں کو معاف کر دیا جس پر اعظم کا کہنا تھا کہ معافی کا اسے علم نہیں۔ اس نے تو صرف وکیل کے دیے ہوئے ایک کاغذ پر انگھوٹے لگائے تھے۔ اس دوران عدالت میں کئی مرتبہ بچی کو جڑانوالا سے اسلام آباد لانے والی خاتون نادرہ کا بھی ذکر ہوا۔

چیف جسٹس نے والد سے یہ بھی پوچھا کہ کیا بچی کی حالت دیکھنے کے بعد نادرہ سے رابطہ ہوا؟ جس گھر میں بچی کام کرتی تھی ان سے بھی کیا رابطہ ہوا؟ جس پر بچی کے والد اعظم نے کہا کہ وکیل کے علاوہ کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔

بعد میں سپریم کورٹ نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو معاملے کی مفصل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے دس دن تک رپورٹ طلب کرلی۔ آج سماعت کے لیے جج کی اہلیہ بھی سپریم کورٹ پہنچیں لیکن اس دوران انہوں نے طیبہ سے متعلق بات چیت کرنے سے گریز کیا۔ طیبہ کی ماں ہونے کی دعوے دار 4 خواتین بھی عدالت میں موجود تھیں۔

سپریم کورٹ نے طیبہ کو سویٹ ہوم بھجوانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت اٹھارہ جنوری تک ملتوی کر دی۔