Friday, April 19, 2024

طیبہ تشدد کیس ،عدالت نے ڈی آئی جی سے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی

طیبہ تشدد کیس ،عدالت نے ڈی آئی جی سے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی
January 11, 2017
اسلام آباد(92نیوز)گھریلو تشدد کا شکار بچی طیبہ کوسپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا،عدالت نے ڈی آئی جی اسلام آبادسے دس دن میں رپورٹ طلب کرلی ، بچی کےوالد کا کہنا تھا کہ معافی کا علم نہیں صرف  ایک کاغذ پر انگوٹھے لگائے تھے۔ تفصیلات کےمطابق گھرمیں ظلم اورتشدد کا شکار ہونے والی طیبہ کو آج سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا سماعت کے دوران چیف جسٹس اور بچی کے والد کے درمیان مکالمہ جاری رہا، چیف جسٹس نے بچی کے والد اعظم سے استفسار کیا کہ کیا اس نے بچی پر تشدد کرنے والوں کو معاف کر دیا ، جس پر اعظم کا کہنا تھا کہ معافی کا اسے علم نہیں اس نے  تو صرف وکیل کے دئیے ہوئے ایک کاغذ پر انگھوٹے لگائے تھے۔ اس دوران عدالت میں کئی مرتبہ بچی کو جڑانوالا سے اسلام آباد لانے والی خاتون نادرا کا بھی ذکر ہوا چیف جسٹس نے والد سے یہ بھی پوچھا کہ کیا بچی کی حالت دیکھنے کے بعد نادرہ سے رابطہ ہو ا؟ جس گھر میں بچی کام کرتی تھی ان سے بھی کیا رابطہ ہوا؟؟؟،جس پر بچی کے والد اعظم نے کہا کہ وکیل کے علاوہ کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔ بعد میں سپریم کورٹ نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو معاملے کی مفصل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے دس دن تک رپورٹ طلب کرلی۔ آج سماعت کے لیے جج کی اہلیہ بھی سپریم کورٹ پہنچیں لیکن اس دوران انہوں نے طیبہ سے متعلق بات چیت کرنے سے گریزکیا طیبہ کی دعوے دار 4 خواتین بھی عدالت میں موجود تھیں۔