Tuesday, April 23, 2024

طیارہ سانحے پر عالمی برادری کا گہرے دکھ اور رنج کا اظہار

طیارہ سانحے پر عالمی برادری کا گہرے دکھ اور رنج کا اظہار
May 22, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو پیش آئے افسوسناک سانحے پرعالمی برادری نے بھی گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی، بھارتی وزیر نریندر مودی اور ترکوں سمیت متعدد ممالک کے رہنمائوں اور لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو کراچی میں پیش آئے خوفناک سانحے پرعالمی برادری کی جانب سے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا، امریکا، کینیڈا، بھارت، افغانستان، ترکی لٹویا سمیت متعدد ممالک کے حکمرانوں اور عوام نے مرحومین کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان سے آنے والی طیارے کی تباہی کی خبر تباہ کن ہے۔ اس سانحے سے جو جو متاثر ہوا ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ کینیڈین آپ ہی کا سوچ رہے ہیں۔ امریکی سفیر جانز نے ٹویٹ کیاکہ وہ بطور پاکستان میں امریکی مشن اس افسوناک سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کااظہارکرتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان میں طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پرصدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے گہرے دکھ کااظہارکرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ حادثے میں جاں بحق افراد سے ہمدردی  ہے،،حکومت پاکستان اورعوام سے تعزیت کرتے ہیں، انہوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں افغان آپ کے ساتھ ہیں۔ طیارہ تباہ ہونے پر ترک حکومت اورعوام بھی غمزدہ ہے، ترک وزیرخارجہ نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا۔ سوشل میڈیا پر ترک عوام بھی پاکستانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہے۔ کہا آج کا دن بہت اداس ہے، ترک شہری پاکستانی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔