Thursday, March 28, 2024

طیارہ حادثہ،ایئرمارشل ارشدملک کاشہیدعملےکےگھرجاکر اظہار افسوس

طیارہ حادثہ،ایئرمارشل ارشدملک کاشہیدعملےکےگھرجاکر اظہار افسوس
May 30, 2020

کراچی (92 نیوز)سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے طیارہ حادثہ  میں شہید ہونے والے عملے کے گھر جاکر افسوس کیا اور کہا مشکل وقت میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جبکہ پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، اسکواڈرن لیڈر زین العارف خان اور دو بچوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

سی ای او پی آئی اے  ایئرمارشل ارشد ملک طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے عملے کے اہلخانہ کے زخموں پر مرحم رکھنے پہنچ گئے، ارشد ملک نے کہا وہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہر ممکن سہولت اور تعاون کیا جائے گا، پی آئی اے مشکل گھڑی میں اپنے کارکنوں کے گھر والوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

دوسری طرف پی آئی اے طیارہ حادثے میں شہید ہونے والی ایئر ہوسٹس کے والدین نے پی آئی اے انتظامیہ سے شہید انعم کی چھوٹی بہن کی نوکری کی درخواست کر دی، انعم کے والد نے ایک روز قبل سی ای او پی آئی اے سے بھی اپیل کی تھی کہ ان کی چھوٹی بیٹی کو پی آئی اے میں نوکری دی جائے۔

کراچی میں پی آئی اے طیارہ گرنے کی تحقیقات جاری ہیں، فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے آج پانچویں دن بھی جائےحادثہ کا دورہ کیااور شواہد اکٹھے کئے، جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ کی ادائیگی بھی جاری ہے،اسکواڈرن لیڈر زین العارف خان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس فیصل میں ادا کردی گئی۔

طیارہ حادثے میں شہید دو بچوں چار سالہ الین فاروقی اور 14سالہ اشمل فاروقی کی نمازجنازہ گلشن اقبال آمنہ مسجد میں ادا کی گئی، دونوں بچوں کی والدہ فوزیہ ارجمند اور بہن انیہ فاروقی کی نماز جنازہ عید کے روز ادا کی گئی تھی۔