Wednesday, April 24, 2024

طیارہ حادثہ کے مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل، 97 افراد جاں بحق

طیارہ حادثہ کے مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل، 97 افراد جاں بحق
May 23, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں گذشتہ روز ماڈل کالونی میں گرنے والے طیارہ کے مقام پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ 97 افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں، جاں بحق افراد میں 68 مرد، 23 خواتین اور چھ بچے شامل ہیں، انیس لاشوں کی شناخت کرلی گئی۔ پی آئی اے طیارے کا المناک سانحہ، ریسکیو ادارے رات بھر امدادی سرگرمیوں میں مصرف رہے۔ ایک کے بعد ایک لاش نکال کر اسپتال منتقل کی جاتی رہی۔ آہستہ آہستہ تمام 97 لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ 19 لاشوں کی شناخت ہوگئی، 78 کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ڈاکٹرسیمی جمالی نےبتایاکہ جناح اسپتال میں لائی گئی 66 لاشوں میں 43 مرد، 20 خواتین اور 3 بچوں کی تھیں، جن میں سے 16 کی شناخت ہی ہوسکی ہے۔ سول اسپتال میں 31 لاشیں لائی گئیں، جن میں 25 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل تھے۔ سول اسپتال میں صرف 3 لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے، جبکہ 28 کی شناخت نہیں ہوسکی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے کے نمونے لیکر سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ طیارے میں سوار بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، اعظم بستی کا رہائشی محمد زبیر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔